سکھر (نمائندہ جسارت) پیپلزپارٹی چاہے تو کل ہی بلاول زرداری کو وزیراعظم بنادے لیکن ، بھیک مانگ کر کمزور وزیراعظم نہیں بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے اپنی رہائش پرصحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہے تو بلاولزرداری کل ہی وزیر اعظم بنا سکتی ہے تاہم ہم بھیک مانگ کر 70 ووٹوں پر کمزور وزیر اعظم نہیں بنائیں گے، پیر صاحب پگارا ایسی باتیں نہ کریں۔انکا کہنا تھا کہ بلاول زرداری وزیراعظم ضرور بنیں گے، انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کی خاطر پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے،انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا احترام کرتے ہیں، شاہد خاقان تنقید سے پہلے دور اقتدار میں اپنے بیانات سن لیں،وہ کیا کہا کرتے تھے،انہیں تنقید کرنے کے بجائے تجویز دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ملک کو مسائل سے نکالنے کا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانی کی تقسیم کے معاملے پر پیپلز پارٹی کبھی سمجھوتا نہیں کریگی۔
