اسلام آباد:وفاقی کابینہ میں توسیع اور رد و بدل کی تیاریاں مکمل ہو گئیں، اس سلسلے میں اہم شخصیات کے نام بھی سامنے آ چکے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کے لیے ضروری مشاورت مکمل کر لی ہے۔ اس وقت کابینہ 18 ارکان پر مشتمل ہے، جبکہ وفاقی حکومت میں مجموعی طور پر 33 عہدے شامل ہیں، جن میں 2وزرائے مملکت، 3خصوصی معاونین اور ایک مشیر شامل ہیں۔
وفاقی کابینہ میں سب سے نمایاں اضافہ وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر سید توقیر شاہ کی صورت میں ہوگا، جو اس وقت عالمی بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہیں کابینہ میں مکمل وزیر کا درجہ دیا جائے گا اور وہ وزیراعظم کے معاون خصوصی (مشیر) کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
ڈاکٹر سید توقیر شاہ کی وزیراعظم سے ملاقات منگل کو متوقع ہے، جس کے بعد ان کی شمولیت حتمی شکل اختیار کر لے گی۔
کابینہ میں شامل ہونے والے افراد میں بیرسٹر عقیل ملک، سینیٹر طلال بدر چوہدری، اقلیتی سینیٹر خلیل طاہر سندھو، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور حنیف عباسی شامل ہیں۔

