English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مودی سرکار نے مسلمانوں پر زمین تنگ کردی، دیگر اقلیتیں بھی متاثر

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں قائم تھنک ٹینک نے کہا ہے کہ بھارت میں مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے والی نفرت انگیز تقاریر میں 2024 ء میںحیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈیا ہیٹ لیب (آئی ایچ ایل) نے ایک رپورٹ میں کہا کہ یہ خطرناک رجحان حکمران بی جے پی اور وسیع تر ہندو قوم پرست تحریک کے نظریاتی عزائم کے ساتھ گہرا جڑا ہوا تھا۔ گزشتہ سال بھارت میں انتخابات کے دوران ناقدین اور انسانی حقوق کے گروہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی بی جے پی پر ہندو اکثریت کو متحرک کرنے کے لیے مسلمانوں کے خلاف بیان بازی کو غیر معمولی سطح تک بڑھانے کا الزام لگایا تھا۔آئی ایچ ایل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے والی نفرت انگیز تقاریر کے واقعات کی تعداد 2023 ء میں 668 سے بڑھ کر 2024 ء میں ایک ہزار 165 ہو گئی، جس میں حیرت انگیز طور پر 74.4 فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق 98.5 فیصد نفرت انگیز تقاریر میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا جن میں سے دو تہائی سے زیادہ واقعات بی جے پی یا اس کی اتحادی حکومتوں کے زیر کنٹرول ریاستوں میں پیش آئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 450 سے زیادہ نفرت انگیز تقاریر بی جے پی کے رہنماؤں نے کیں، جن میں سے 63 کے لیے خود مودی ذمے دار ہیں۔ واضح رہے کہ انڈیا ہیٹ لیب واشنگٹن میں قائم سینٹر فار دی اسٹڈی آف آرگنائزڈ ہیٹ (سی ایس او ایچ) کا حصہ ہے، جو ایک غیر منافع بخش تھنک ٹینک ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے