غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی بے گھر فلسطینیوں پر بمباری نہ تھمی، صیہونی فوج کی جانب سے غزہ پر کی گئی بم باری کے نتیجے میں غزہ کے ناصر اسپتال کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں حماس کے پولیٹیکل بیورو کے رکن سمیت 5 افراد شہید ہو گئے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے مختلف علاقوں میں شدید بمباری کا سلسلہ جاری ہے، ناصر اسپتال پر ہونے والے حملے میں شہداء میں حماس کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اسماعیل بھی شامل ہیں جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق خان یونس اور رفح میں اسرائیلی حملوں کے باعث آج مزید 16 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، طبی سہولیات کی تباہی اور انسانی امداد کی بندش نے علاقے میں بحران کو سنگین تر کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خان یونس میں قابض فوج نے بے گھر فلسطینیوں کے خیموں اور رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد شہید ہو گئے۔
غزہ میں اسرائیلی بربریت سے انسانی بحران سنگین صورت اختیار کر چکا ہے، جبکہ عالمی برادری کی خاموشی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
17 ماہ سے جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 17 ہزار سے زیادہ معصوم بچے شامل ہیں۔
