ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پاکستان اور افغانستان کا جنگ بندی پر اتفاق، سرزمین کے باہمی احترام کا عہد ہے، وفاقی وزیر دفاع

اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان فوری جنگ بندی معاہدہ طے پا گیا ہے، دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی سرزمین کے احترام پر اتفاق کیا ہے اور دہشتگردی کے واقعات کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق خواجہ آصف نے کہا  کہ معاہدے کے تحت افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی فی الفور بند کی جائے گی،  دونوں ممالک کے وفود کی اگلی ملاقات 25 اکتوبر کو استنبول میں ہوگی، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی جائے گی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ قطر اور ترکیے نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے،  انہوں نے دونوں برادر اسلامی ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں سے خطے میں امن کے امکانات مزید روشن ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی اور حالیہ جھڑپوں کے بعد قطری وزارتِ خارجہ نے دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں فوری جنگ بندی کے معاہدے کی تصدیق کی تھی۔

قطر کی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ معاہدہ قطر اور ترکیے کی مشترکہ ثالثی میں طے پایا،  یہ اقدام خطے میں پائیدار امن کے قیام کی مضبوط بنیاد فراہم کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی میں کمی کا باعث بنے گا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں