امریکا نے جنوبی افریقہ میں منعقد ہونے والے جی 20 اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں سفید فام افراد پر مبینہ مظالم کے باعث امریکا اس اجلاس میں شریک نہیں ہوگا۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ٹرمپ نے لکھا کہ یہ افسوسناک ہے کہ جی 20 اجلاس ایسے ملک میں ہو رہا ہے جہاں سفید فام افراد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ان کی زمینیں اور کھیت غیر قانونی طور پر ضبط کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رہیں گی، کوئی بھی امریکی اہلکار اجلاس میں شریک نہیں ہوگا۔
ابتدائی طور پر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ خود شرکت نہیں کریں گے اور نائب صدر جے ڈی وینس کو نمائندگی کے لیے بھیجیں گے، تاہم وائٹ ہاؤس نے بعد میں وضاحت کی کہ امریکا کا کوئی بھی نمائندہ اجلاس میں نہیں جائے گا۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کی وزارتِ خارجہ نے امریکی فیصلے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ افریکنرز کو صرف سفید فام گروہ کے طور پر پیش کرنا تاریخی طور پر غلط ہے اور ان کے خلاف منظم مظالم کے دعووں کی کوئی حقیقت نہیں۔