ہری پور : وفاقی وزیر امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے انتخابی کامیابی پر ہری پور کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے مخالفین کو مسترد کر کے ثابت کر دیا کہ ہری پور مسلم لیگ (ن) کا مضبوط قلعہ ہے۔
انہوں نے بابر نواز خان کی انتخابی مہم میں محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک “جھوٹ کی فیکٹری” سرگرم ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ اس کے پھیلائے گئے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا جائے۔
اپنی تقریر میں امیر مقام نے پشاور کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی، شہدا کے لیے دعا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
انہوں نے نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز کی جانب سے عوام کو مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر انہوں نے سردار مشتاق، پیر صابر شاہ، پوری تنظیمی ٹیم اور کیپٹن (ر) صفدر کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔