English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا برفانی طوفان کی زد میں، ہزاروں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار

القمر

امریکا کی متعدد ریاستیں شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں آ گئی ہیں، جہاں عمارتیں، گھروں کی چھتیں اور سڑکیں دو فٹ سے زائد برف تلے دب گئی ہیں۔

ملک کے مختلف حصوں میں برفباری جاری ہے۔ نیویارک، الینوائے اور مشی گن میں ہر طرف سفیدی چھا گئی جبکہ الاسکا میں شدید برفباری کے بعد درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے بھی نیچے چلا گیا۔ خراب موسم کے باعث ملک بھر میں ہزاروں پروازیں منسوخ یا شدید تاخیر کا شکار ہوئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق شکاگو میں نومبر کے مہینے میں برفباری کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے۔ شکاگو کے ایئرپورٹ پر اب تک 8.4 انچ برف ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس کی وجہ سے سیکڑوں پروازیں منسوخ یا تاخیر سے چلیں۔

امریکی محکمۂ موسمیات نے آج سے ملک کے وسیع علاقوں میں مزید بارشوں، یخ بستہ ہواؤں اور برفباری کے نتیجے میں سردی کی شدت بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے۔ کینساس، نیبرسکا اور مشرقی ساحلی ریاستوں میں برفانی طوفان کا خطرہ موجود ہے، جبکہ پینسلوینیا اور نیوجرسی میں بھی بھاری برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں 6 انچ یا اس سے زیادہ برف پڑنے کا امکان ہے۔

ادھر برطانیہ میں آئندہ ہفتے شدید برفباری کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق 9 اور 10 دسمبر کو انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے مختلف حصوں میں برفباری ہوسکتی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • مقصود بھٹی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے