English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ترکی اور فن لینڈ کے صدور کی ٹیلیفونک گفتگو، باہمی تعلقات اور عالمی امن پر زور

القمر

انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان اور فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب کے درمیان بدھ کو اہم ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، علاقائی استحکام اور عالمی امن کی کوششوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

 ترک کمیونی کیشن ڈائریکٹوریٹ کے مطابق یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب عالمی سطح پر یوکرین جنگ اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال گہری سفارتی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

ترک صدر نے گفتگو کے دوران اس عزم کا اظہار کیا کہ انقرہ ہیلسنکی کے ساتھ تجارتی حجم میں خاطرخواہ اضافہ چاہتا ہے اور مستقبل میں ایسے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے جو معاشی روابط کو مزید مضبوط بنائیں،  دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون میں وسعت خطے کے لیے بھی مثبت اثرات کا باعث بنے گی۔

ایردوان نے یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اس امن عمل کی کامیاب تکمیل کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے،  استنبول میں ہونے والے مذاکرات پہلے ہی اپنی مؤثر سفارتی حیثیت ثابت کر چکے ہیں اور عالمی سطح پر انہیں ایک کامیاب سفارتی پلیٹ فارم کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

گفتگو کے دوران ترک صدر نے غزہ کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے  کہا کہ ترکی جنگ بندی کے نفاذ کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے، خطے میں دیرپا امن صرف دو ریاستی حل کی بنیاد پر ہی ممکن ہے،  فن لینڈ کی جانب سے ریاستِ فلسطین کو تسلیم کیے جانے کا فیصلہ ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت ہوگی۔

ایردوان نے فن لینڈ کے یومِ آزادی کے موقع پر صدر اسٹب کو مبارکباد بھی دی، جو 6 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے