English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پنجاب حکومت کا پرتشدد احتجاج کرنے والوں کے خلاف سخت قانون تیار

القمر

لاہور: حکومتِ پنجاب نے پرتشدد احتجاج اور املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں پنجاب اسمبلی میں پولیس آرڈر (دوسری ترمیم) ایکٹ 2025ء پیش کیا گیا ہے، جس کے تحت غیر قانونی اور پرتشدد احتجاج کرنے والوں کو نہ صرف سزائیں ملیں گی بلکہ انہیں ہونے والے نقصان کی بھرپائی بھی کرنی ہوگی۔

اس قانون کے تحت رائٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کیا جائے گا، جس کی ایڈمنسٹریشن ایک ایڈیشنل آئی جی رینک کے افسر کے سپرد ہوگی،  اس یونٹ کو جدید آلات سے لیس کیا جائے گا اور اس کے افسران کو غیر قانونی احتجاج سے نمٹنے کی خصوصی ٹریننگ بھی دی جائے گی۔

بل کے مطابق ضلعی ڈی سی غیر قانونی رائٹ زون کا تعین کریں گے اور تعین کے بعد ضلعی پولیس کے سربراہ کو مطلع کیا جائے گا،  غیر قانونی رائٹ زون کو کارڈن آف کیا جا سکے گا اور زون میں رائٹ مینجمنٹ یونٹ کے انسیڈینٹ کمانڈر احتجاج کرنے والوں سے نمٹیں گے،  انسیڈینٹ کمانڈر پولیس اسٹیشن کے رینک کا افسر ہوگا جبکہ رائٹ مینجمنٹ یونٹ کے افسران پر قانونی کارروائی نہیں ہو سکے گی۔

پر تشدد احتجاج کے ملزم قرار پانے پر ملزم کو ہونے والے نقصان کی بھرپائی کرنی ہوگی، جس میں نجی اور سرکاری املاک کو پہنچنے والے نقصانات، انسانی جان کو نقصان اور انسانی جان کے ضیاع جیسے معاملات شامل ہیں،  نقصان کے تعین کا فیصلہ ٹرائل کورٹ محکمہ داخلہ کی مدد سے کرے گا، اور اس فیصلے کو ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے پاس چیلنج کیا جا سکتا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق رائٹ مینجمنٹ یونٹ میں رائٹ مینجمنٹ فورس کے افسران تعینات ہوں گے۔ بل کو متعلقہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے جو دو ماہ میں اس کا جائزہ لے گی، اور اس کے بعد حتمی منظوری کے لیے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ حتمی منظوری کے بعد قانون کی توثیق گورنر پنجاب کریں گے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پرتشدد احتجاج اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف مؤثر پابندی لگانے اور عوامی املاک کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے