English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پٹنہ: وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی خاتون ڈاکٹر کے نقاب کھینچنے کی کوشش پر شدید تنقید

القمر

بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ایک سرکاری تقریب کے دوران خاتون ڈاکٹر کے نقاب کھینچنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا، اپوزیشن جماعتوں اور مسلم رہنماؤں کی جانب سے شدید مذمت کی جا رہی ہے، واقعہ پٹنہ میں ایک سرکاری تقریب کے دوران پیش آیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ٹوئٹر پر جاری وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ  وزیر اعلیٰ نتیش کمار ڈاکٹرز میں تقرری نامے تقسیم کر رہے تھے،  اس دوران برقع اور مکمل حجاب میں ملبوس خاتون ڈاکٹر اسٹیج کے قریب پہنچیں تاکہ اپنا تقرری نامہ وصول کریں، جس پر نتیش کمار نے ان کی جانب اشارہ کیا اور نقاب کھینچنے کی کوشش کی،  پہلی ناکامی کے بعد انہوں نے دوسری بار بھی یہی حرکت دہرائی۔

اس دوران پیچھے کھڑے نائب وزیر اعلیٰ اور دیگر حکام نے انہیں روکنے کی کوشش کی مگر نتیش کمار باز نہ آئے اور مسکراتے رہے،  ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی ڈاکٹر نصرت پروین، جنہیں کہا جا رہا ہے کہ وہ واقعے کی شکار ہوئی ہیں، واضح طور پر حیران اور پریشان دکھائی دیں، جبکہ پس منظر میں بعض افراد کی ہنسی نے صورتحال کو مزید تکلیف دہ بنا دیا۔

سوشل میڈیا صارفین، مسلم رہنماؤں اور اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعلیٰ کے رویے کی سخت الفاظ میں مذمت کی،  اتر پردیش سے رکن پارلیمنٹ اکبر اویسی نے کہا کہ ایک ایسے شخص کو وزیراعلیٰ بنادیا گیا ہے جسے خواتین کے ساتھ برتاؤ کے بنیادی آداب معلوم نہیں۔

راشٹریہ جنتا دل نے وزیر اعلیٰ کے رویے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ عمل ان کی ذہنی کیفیت اور نیت پر سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔

 مسلم رہنماؤں کا کہنا  تھا  کہ یہ واقعہ محض ایک انفرادی واقعہ نہیں بلکہ اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے جس میں خواتین کے لباس، حجاب اور نقاب پر فیصلے زبردستی مسلط کیے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ بہار میں حجاب یا نقاب پر سرکاری سطح پر کوئی پابندی نہیں ہے، تاہم اس واقعے کے بعد ناقدین کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات بالواسطہ طور پر حجاب کے خلاف رویے کو فروغ دیتے ہیں، کانگریس رہنماؤں نے بھی اس حرکت کو بھارت کا چہرہ خراب کرنے کی مذموم کوشش قرار دیا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے