English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران خان کی بہنوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سب کو اڈیالہ جیل آنا چاہیئے: سلمان اکرم راجا

القمر

راولپنڈی: پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے عوام، سیاسی کارکنوں اور جمہوریت پر یقین رکھنے والے تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اڈیالہ جیل کے باہر جمع ہوں، یہ معاملہ محض ارکانِ اسمبلی تک محدود نہیں بلکہ ہر اس شخص کی ذمہ داری ہے جو قانون کی بالادستی اور انسانی حقوق پر یقین رکھتا ہے۔

اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ یہ بات ناقابلِ فہم ہے کہ کسی قیدی یا ملاقات کے لیے آنے والے افراد کو یہ بتایا جائے کہ وہ کیا بات کر سکتے ہیں اور کیا نہیں، کسی بھی مہذب اور جمہوری معاشرے میں کسی انسان کی زبان بندی کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور نہ ہی دنیا کے کسی قانون میں ایسی پابندی کا جواز موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی کے حامی ہیں، انہیں اس موقع پر خاموش تماشائی نہیں بننا چاہیے بلکہ عملی طور پر یہاں آ کر اپنی موجودگی درج کرانی چاہیے، یہ صرف ایک سیاسی معاملہ نہیں بلکہ بنیادی انسانی حقوق کا سوال ہے۔

سلمان اکرم راجا نے گفتگو کے دوران سانحہ اے پی ایس کو ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی ایک بار پھر شدت اختیار کرتی جا رہی ہے، جو پوری قوم کے لیے باعثِ تشویش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی انسان کو اظہارِ رائے سے روکنا نہ آئینی ہے اور نہ ہی اخلاقی طور پر درست، اور ایسے اقدامات معاشرے میں مزید انتشار کو جنم دیتے ہیں۔

انہوں نے جیل قوانین پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی گفتگو پر پابندی سے متعلق شق جنرل ضیاء الحق کے دور میں متعارف کرائی گئی تھی، جو آج کے جمہوری تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتی۔

سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کے انضمام کے بعد وہاں کے عوام سے کیے گئے وعدے آج تک پورے نہیں ہو سکے، جس کے نتیجے میں محرومیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے