کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پولیس ٹریننگ کالج میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے باغی گروہوں کو خبردار کیا ہے کہ بندوق کے زور پر پاکستان کو توڑنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی، بلوچستان کے بہادر سپاہی کسی بھی وقت بندوق کے نظریے کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے۔
سرفراز بگٹی نے باغی عناصر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ آئین پاکستان کے دائرے میں رہتے ہوئے واپس آنا چاہتے ہیں تو ریاست کے دروازے کھلے ہیں، ورنہ ریاست ہر ممکنہ صورت حال کے لیے تیار ہے، لیڈرز پاپولر فیصلے نہیں بلکہ درست فیصلے کرتے ہیں اور پورے بلوچستان کو اے ایریاز میں تبدیل کرنا بھی ایک مضبوط اور درست فیصلہ ہے جو بلوچستان پولیس کے لیے اعزاز اور ذمہ داری کی علامت ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے پولیس ٹریننگ کالج کے لیے بجلی کے اسپیشل فیڈرز، سیوریج سسٹم اور سڑکوں کی مرمت کے لیے بھی فنڈز کے اعلان کیے، جس کا مقصد تربیت یافتہ افسران کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنا اور کالج کے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے تمام شہریوں کو قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کرنے کا مکمل حق حاصل ہے اور بلوچستان پولیس ہر صورت میں قانون کے نفاذ اور عوام کی حفاظت کے لیے کوشاں رہے گی۔
