لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا دورہ کیا اور بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کے امیگریشن عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وزرا نے امیگریشن کاؤنٹرز کا دورہ کرتے ہوئے عملے کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا اور مسافروں سے براہِ راست بات چیت کے ذریعے امیگریشن کے مراحل سے متعلق آگاہی حاصل کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے اہلکار کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور حوصلہ افزائی کی۔ اس دوران ایک مسافر نے چیکنگ میں تاخیر کے باعث بورڈنگ نہ ہو سکنے کی شکایت کی، جس پر محسن نقوی نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کویت جانے والے مسافر کی بورڈنگ یقینی بنائی جائے۔
مسافروں نے وزرا کو آگاہ کیا کہ امیگریشن کا عمل چند منٹوں میں مکمل ہو رہا ہے جو خوش آئند بات ہے، جس پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی عزت اور مسافروں کی سہولت ہماری اولین ترجیح ہے اور کسی بھی مسافر کو بلاجواز سفر سے نہیں روکا جائے گا، پیشہ ور بھکاریوں یا نامکمل دستاویزات رکھنے والے افراد کو بیرونِ ملک سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والوں کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے امیگریشن نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور مسافروں کے لیے آسان بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ دورے کے دوران ریجنل ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور علی ضیاء اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایئرپورٹ اویس بھی موجود تھے۔
