پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) اور بشریٰ بی بی سزا یافتہ ہیں تو کیا کسی بھی سزا یافتہ شخص کو احتجاج یا دھرنے کے ذریعے رہا کرایا جا سکتا ہے؟
گورنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی غیر سیاسی ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتیں کیونکہ ڈی چوک احتجاج کی قیادت انہی نے کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں پوسٹنگ اور ٹرانسفرز بشریٰ بی بی کے زیر اثر ہوئے جبکہ توشہ خانہ کیس میں قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اور اگر کسی گرفتاری میں کوئی غلطی ہے تو متعلقہ افراد عدالتوں سے رجوع کریں۔
گورنر نے دہشت گردی کے خلاف کارروائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جہاں دہشت گرد ہوں گے وہاں آپریشن کیا جائے گا اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ان اقدامات کی مکمل حمایت کرنی چاہیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سزا سنائی، جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
