بنگلا دیش اور بھارت کے تعلقات میں حالیہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں بنگلا دیشی حکام نے نئی دلی میں اپنے قونصلر اور ویزا خدمات کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدام بنیادی طور پر سیکیورٹی خدشات اور حفاظتی وجوہات کی بنا پر کیا گیا ہے، دو روز قبل نئی دلی میں بنگلا دیشی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مظاہرین نے شدید نعرے بازی کے ساتھ ہائی کمیشن پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی اور حتیٰ کہ بعض افراد نے ہائی کمشنر کو قتل کی دھمکیاں بھی دیں۔ اس واقعے کے بعد بنگلا دیش نے اپنی سیکیورٹی بڑھانے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے خدمات کو معطل کرنے کا فوری فیصلہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے بھی اسی کشیدگی کے پیشِ نظر ایک روز قبل چٹاگانگ ویزا سینٹر بند کر دیا تھاجو دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کی بنیادی وجہ مختلف سفارتی اور سرحدی مسائل کے ساتھ ساتھ احتجاجی مظاہروں کے دوران پیدا ہونے والے حالات ہیں۔
