مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قابض صہیونی فوج کی تازہ جارحیت کے دوران پرتشدد چھاپے مارے گئے، جس میں درجنوں فلسطینی زخمی ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق صہیونی افواج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں جارحانہ کارروائیاں کرتے ہوئے درجنوں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کے چھاپوں کے دوران کم از کم 24 فلسطینی زخمی ہو گئے، جن میں ایک کم عمر لڑکا بھی شامل ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب پہلے ہی پورا علاقہ مسلسل اسرائیلی فوجی کارروائیوں، گرفتاریوں اور پرتشدد جارحیت کی لپیٹ میں ہے۔
طبی ذرائع کے مطابق صہیونی افواج نے صبح سویرے مقبوضہ مشرقی یروشلم کے شمال میں واقع قلانڈیا پناہ گزین کیمپ اور کفر عقب کے قصبے پر دھاوا بولا۔
اچانک ہونے والی اس کارروائی کے دوران علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا، جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے تصدیق کی ہے کہ اس کے طبی عملے نے کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے 24 فلسطینیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی۔
ہلال احمر کے مطابق زخمیوں میں سے 3 افراد کو براہ راست گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، جن میں ایک 15 سالہ فلسطینی لڑکا بھی شامل ہے جسے ران میں گولی ماری گئی۔ دیگر زخمیوں کو آنسو گیس کے شدید استعمال، ربڑ کوٹڈ گولیوں اور شیلنگ کے باعث سانس لینے میں دشواری، جسمانی زخم اور اعصابی صدمے کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بھی رہی، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ صہیونی فوج نے کارروائی کے دوران فوجی بلڈوزر استعمال کیے اور درجنوں مسلح اہلکاروں کو مرکزی شاہراہوں، داخلی راستوں اور رہائشی علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق فوج نے گھروں پر دھاوا بولتے ہوئے اسٹن گرینیڈز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا، جس سے خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی خاندان اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ۔
اس کارروائی کے دوران کم از کم 4 فلسطینی گھروں کے مکینوں کو زبردستی بے دخل کر دیا گیا اور ان گھروں کو عارضی فوجی چوکیوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ فلسطینیوں کا کہناہ ے کہ یہ عمل نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ فلسطینی عوام کو اجتماعی سزا دینے کے مترادف ہے۔ متاثرہ خاندانوں نے بتایا کہ انہیں کسی قسم کی پیشگی وارننگ یا قانونی نوٹس کے بغیر گھروں سے نکالا گیا۔
