English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ڈسکوز نے نیٹ میٹرنگ رجسٹریشن کیوں بند کی؟ نیپرا کا سخت نوٹس

القمر

اسلام آباد: ملک میں متبادل توانائی کے فروغ اور بجلی کے بڑھتے ہوئے بحران کے تناظر میں ایک تشویشناک انکشاف سامنے آیا ہے، جس نے ہزاروں صارفین کو اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپوڑٹ کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے نیٹ میٹرنگ کی نئی درخواستوں کی رجسٹریشن مبینہ طور پر روک دی گئی ہے، جس پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام ڈسکوز سے فوری وضاحت طلب کر لی ہے۔ اس پیش رفت کو توانائی کے شعبے میں شفافیت اور صارفین کے حقوق کے حوالے سے ایک سنجیدہ معاملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کی تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو باضابطہ نوٹس جاری کیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ اتھارٹی کے مشاہدے میں آیا ہے کہ نیٹ میٹرنگ کی نئی درخواستوں کی رجسٹریشن روکی جا رہی ہے۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ اس طرح کا اقدام نہ صرف تشویش ناک ہے بلکہ یہ مروجہ قوانین، ضابطوں اور نیٹ میٹرنگ پالیسی کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف بھی ہے، جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نیٹ میٹرنگ کا نظام صارفین کو یہ سہولت فراہم کرتا ہے کہ وہ شمسی توانائی سمیت دیگر متبادل ذرائع سے پیدا کی گئی اضافی بجلی قومی گرڈ میں شامل کر کے اپنے بلوں میں ریلیف حاصل کر سکیں۔ ایسے میں نئی درخواستوں کی رجسٹریشن روکنا نہ صرف صارفین کے قانونی حق کو متاثر کرتا ہے بلکہ ملک میں قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔

نیپرا کے مطابق اس اقدام سے پالیسی کے تسلسل اور حکومتی اہداف پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

اتھارٹی نے اس معاملے کو انتہائی سنگین اور فوری نوعیت کا قرار دیتے ہوئے تمام ڈسکوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ 3 کاروباری دنوں کے اندر اس حوالے سے مکمل تفصیلات فراہم کریں۔

توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کے نرخ پہلے ہی عام صارف کی پہنچ سے باہر ہوتے جا رہے ہیں، جبکہ نیٹ میٹرنگ واحد ایسا نظام ہے جو صارفین کو طویل المدتی بنیادوں پر ریلیف فراہم کر سکتا ہے۔ ایسے میں اس سہولت میں رکاوٹ ڈالنا عوامی مفاد کے خلاف تصور کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے