ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

نادرا نے فنگر پرنٹس کے مسئلے کا حل دیدیا، چہرے کی شناخت پر مبنی سہولت دستیاب

اسلام آباد: شہریوں کو فنگر پرنٹس کی تصدیق میں پیش آنے والی دشواریوں کو ختم کرنے کے لیے نادرا نے ایک بڑی سہولت متعارف کروا دی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اب شہری چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک تصدیقی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے، جس سے بزرگ شہری یا وہ افراد جنہیں طبی مسائل کی وجہ سے فنگر پرنٹس کی تصدیق میں دشواری پیش آتی تھی، آسانی سے اپنا بائیومیٹرک سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔

نادرا کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایت پر کئی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں قومی شناختی کارڈ قوانین میں ترمیم شامل ہے۔ اس ترمیم کے ذریعے بائیومیٹرک کی تعریف وسیع کر دی گئی ہے اور پاک آئی موبائل ایپ پر چہرے کی شناخت سے بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

اس سہولت کا آغاز 20 جنوری سے تمام نادرا مراکز میں ہوگا، جہاں شہری معمولی فیس کے عوض سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔

اگر کسی شہری کے فنگر پرنٹس کی تصدیق نہ ہو سکے تو وہ قریبی نادرا رجسٹریشن مرکز جائے گا اور چہرے کی شناخت کی کارروائی مکمل ہونے پر نادرا ایک سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔ اس سرٹیفکیٹ پر تصویر، شناختی کارڈ نمبر، نام، ولدیت، منفرد ٹریکنگ آئی ڈی اور کیو آر کوڈ درج ہوگا اور یہ سرٹیفکیٹ 7 دن تک قابلِ استعمال ہوگا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ نادرا اس نظام کے نفاذ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور متعلقہ سرکاری و نجی اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایت دے دی گئی ہے۔

20 جنوری کے بعد اگر شہریوں کو کسی بھی مسئلے کا سامنا ہو تو وہ متعلقہ ادارے یا محکمے کو شکایت کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل آئی ڈی کے اجرا کے بعد یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر بھی دستیاب ہوگی، جس سے شہریوں کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کا عمل مزید آسان اور فوری ہو جائے گا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں