اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے حالیہ بیان پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ افغان حکومت کے ترجمان کا کردار ادا کر رہے ہیں اور حقائق کے برعکس بیانیہ پیش کر کے جھوٹ اور منافقت کی انتہا کر چکے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے سہیل آفریدی کے بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک آئینی عہدے پر فائز شخص کی جانب سے اس نوعیت کی گفتگو نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ قومی مفادات کے بھی منافی ہے،ایسے بیانات ریاستی مؤقف کو کمزور کرنے کی کوشش کے مترادف ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے لکھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا آج افغانستان کے ترجمان کے طور پر گفتگو کرتے دکھائی دیے، جو انتہائی قابلِ مذمت اور شرمناک طرزِ عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری افغان طالبان حکومت کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی پشت پناہی کے شواہد خود دیکھ چکی ہے، جبکہ افغان سرزمین کے دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے کے ناقابلِ تردید ثبوت بھی سامنے آ چکے ہیں۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی کے بیانات جھوٹ اور منافقت پر مبنی ہیں، حالانکہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انتشار کی سیاست کرنے والے عناصر جب بھی زبان کھولتے ہیں، بالواسطہ یا بلاواسطہ دہشت گردوں کی سہولت کاری کرتے نظر آتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام فتنہ الخوارج اور انتشار پھیلانے والی قوتوں کو قبول نہیں، اسی لیے ملک کو بار بار نشانہ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور قومی ذمہ داریوں کا احساس کریں، کیونکہ ایسے بیانات ملک کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔