محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا جبکہ مطلع جزوی سے مکمل طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
کوئٹہ، زیارت، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ژوب، موسیٰ خیل، مستونگ، قلات، تربت، چاغی، گوادر اور خاران میں بھی بارش کی توقع ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
درجہ حرارت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قلات اور زیارت میں منفی ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ژوب میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ نوٹ کیا گیا۔
سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 12 اور تربت میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ نوکنڈی میں 9 اور چمن میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ ساحلی علاقوں میں گوادر کا کم سے کم درجہ حرارت 13 اور جیوانی میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔