لاہور: سابق جج سپریم کورٹ آف پاکستان و سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس خلیل الرحمن خان انتقال کر گئے۔
جسٹس خلیل الرحمن خان مرحوم کی نمازِ جنازہ آج بعد از نمازِ مغرب ڈونگی گراؤنڈ گارڈن ٹاؤن لاہور میں ادا کی جائے گی، مرحوم کا جنازہ ان کی رہائش گاہ 63 ابوبکر بلاک، نیو گارڈن ٹاؤن سے شام ساڑھے 5 بجے اٹھایا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق جج سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس خلیل الرحمان خان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ کہ جسٹس خلیل الرحمن خان کا شمار ملک کے سینئر اور تجربہ کار ججز میں ہوتا تھا، انکا شمار فرض شناس ججوں میں ہوتا تھا جنہوں نے تمام عمر عدل و انصاف کے لئے کام کیا۔
وزیر اعظم نے جسٹس خلیل الرحمان خان کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی جسٹس خلیل الرحمان خان کو جنت میں اعلی مقام دے اور ان کے درجات بلند فرمائے، آمین۔