English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 بانی پی ٹی آئی کا علاج الشفاء اسپتال میں کرایا جائے، علیمہ خان کا مطالبہ

القمر

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا علاج فوری طور پر الشفاء انٹرنیشنل اسپتال میں اُن کے ذاتی معالج کی نگرانی میں کرایا جائے جبکہ انہوں نے اپنی ممکنہ گرفتاری کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی اسی صورت ممکن ہے جب جسٹس سرفراز ڈوگر کیسز کی سماعت کریں، جیسے ہی ضمانتیں منظور ہوں گی، عمران خان کو جیل سے سیدھا اسپتال منتقل کیا جائے گا تاکہ آنکھ کے علاج سمیت مکمل طبی معائنہ ہوسکے، سماعت کے لیے مقرر جج کی چھٹی پر روانگی انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے اور چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ وہ خود کیسز سنیں۔

انہوں نے سابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل غفور انجم کو عمران خان کی صحت کی خرابی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف مجرمانہ غفلت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرانے کے لیے وکلا کو ہدایات دے دی گئی ہیں، آنکھ کی خرابی اچانک نہیں ہوئی بلکہ یہ مبینہ لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔

علیمہ خان نے وزیر داخلہ محسن نقوی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ خاندان اور ذاتی ڈاکٹروں کی موجودگی میں اسپتال میں معائنہ کرایا جائے گا مگر ایسا نہیں ہوا، جس سے حکومتی مؤقف پر سوالات اٹھتے ہیں، اگر حُکام کو کچھ چھپانا نہیں تو اسپتال منتقلی سے کیوں گریز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان پر اور دیگر رہنماؤں پر قائم مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں اور وہ ان کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں، انہیں اندیشہ ہے کہ سچ بولنے کی پاداش میں انہیں طویل عرصے کے لیے جیل بھیجا جا سکتا ہے،  ایسی کارروائیاں سیاسی نظام کو نہیں بچا سکتیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے