بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ائی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی نالے میں گر گئیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں پیش آنے والے ایک ناخوشگوار واقعے کے دوران پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن نورین نیازی زیرِ تعمیر نالہ عبور کرنے کی کوشش میں حادثے کا شکار ہو گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اڈیالہ روڈ کے قریب پیش آیا جہاں نورین نیازی عمران خان سے ملاقات کے لئے داہگل ناکہ پر موجود تھیں، جاری تعمیراتی کام کے باعث راستہ غیر محفوظ ہو چکا تھا، تحریکِ انصاف کی دیگر خواتیں پہلے ہی اس نالے کو عبور کر چکی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق نورین نیازی نالہ پار کرنے کی کوشش کر رہی تھیں کہ اچانک ان کا پاؤں پھسل گیا، جس کے نتیجے میں وہ توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور نالے میں جا گریں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ان کے ہاتھ، پاؤں اور ناک پر صرف معمولی چوٹیں آئیں ہیں جبکہ ان کے ہمراہ موجود ایک اور خاتون بھی گر کر زخمی ہو گئیں، نورین نیازی ظہر کی نماز کے لیے قریبی عمارت تک پہنچنے کی کوشش میں نالے کو پھلانگ کر عبور کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق واقعے کے فوراً بعد موجود افراد نے فوری طور پر مدد فراہم کی اور انہیں بحفاظت باہر نکالا، نالے سے نکالنے کے بعد وہ دیگر خواتین کے ہمراہ قریبی پلازے کی طرف روانہ ہو گئیں۔
