کویت: دنیا بھر میں ماہِ رمضان کے بابرکت مہینے کی آمد کے ساتھ عبادات کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران کویت کے شہریوں کو سرکاری تعطیلات کے باعث چار مکمل دن آرام اور عبادات کے لیے مل گئے ہیں۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت کی کابینہ نے قومی دن اور یومِ آزادی کے موقع پر پچیس اور چھببیس فروری بروز بدھ اور جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ چونکہ کویت میں ہفتہ وار تعطیلات جمعہ اور ہفتہ کو ہوتی ہیں، اس طرح شہریوں کو بدھ سے ہفتے تک مسلسل چار دن کی چھٹیاں حاصل ہو گئی ہیں۔
یہ فیصلہ ہفتہ وار کابینہ اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیر اعظم شیخ احمد العبداللہ الصباح نے کی۔ فیصلے کے مطابق بدھ اور جمعرات کو تمام وزارتیں، سرکاری ادارے اور پبلک اتھارٹیز بند رہیں گے جبکہ یکم مارچ اتوار سے دفتری امور دوبارہ شروع ہوں گے۔
کویت کے حکام نے کہا کہ وہ ادارے جن کی نوعیت کے لحاظ سے خدمات کا تسلسل ضروری ہے، اپنی تعطیلات کا الگ انتظام کریں گے تاکہ عوامی مفاد اور ضروری خدمات متاثر نہ ہوں۔
یہ چھٹیاں کویت کے قومی تشخص اور آزادی کی یاد میں منائی جا رہی ہیں، جنہیں ہر سال ملک بھر میں جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔
