English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاسکو کی 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم مسابقتی بولی کے ذریعے فروخت کی منظوری

القمر

اسلام آباد: حکومت نے گندم کے سرکاری ذخائر میں کمی لانے اور اخراجات کم کرنے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے پاسکو کے پاس موجود 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم مسابقتی بولی کے ذریعے فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی۔ اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور غذائی تحفظ سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پیش کی گئی سمری میں بتایا گیا کہ پہلے سے طے شدہ ریزرو قیمتوں پر گندم فروخت کرنے کی کوشش مطلوبہ نتائج نہ دے سکی کیونکہ موصول ہونے والی بولیاں کم تھیں۔

علاوہا زیں موجودہ ذخیرہ اندوزی پر آنے والے اخراجات اور گوداموں میں پڑی گندم کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیٹی نے نئی قیمتوں پر فروخت کی منظوری دی۔ فیصلے کے مطابق مقامی گندم کی فی 40 کلو قیمت 4 ہزار 150 روپے جبکہ درآمدی گندم کی فی 40 کلو قیمت 3 ہزار 800 روپے مقرر کی گئی ہے، اور فروخت کا عمل فرسٹ اِن، فرسٹ آؤٹ بنیاد پر ہوگا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف سرکاری گوداموں پر دباؤ کم ہوگا بلکہ مارکیٹ میں طلب و رسد کا توازن بھی بہتر ہو سکتا ہے۔

حکام کے مطابق شفاف بولی کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ قومی خزانے کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو اور آئندہ فصل کے لیے ذخیرہ گنجائش بھی میسر آسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے