English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

القمر

پاکستان کے مختلف شہروں میں آج صبح اچانک زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ خاص طور پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں یہ جھٹکے زیادہ محسوس کیے گئے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں چترال، دیر، خیبر، اٹک، ملاکنڈ، ہری پور، صوابی، سوات اور ان کے گرد و نواح شامل ہیں، جہاں لوگ عمارتوں سے باہر نکل آئے اور حفاظتی اقدامات اختیار کیے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی اور زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا۔ زلزلے کی زیرزمین گہرائی تقریباً 114 کلومیٹر بتائی گئی ہے، جس کی وجہ سے مختلف شہروں میں محسوس کیے جانے والے جھٹکے نسبتاً دیر تک جاری رہے۔

زلزلہ پیمامرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کے اچانک جھٹکوں کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری گھروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔

رپورٹ کے مطابق زلزلے سے تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مقامی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔

ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ صورتِ حال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور اب تک کسی ایمرجنسی کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری گھبراہٹ میں مبتلا نہ ہوں، افواہوں سے گریز کریں اور آفیشل ذرائع سے فراہم کی جانے والی  معلومات پر ہی انحصار کریں، زلزلے کے بعد ہنگامی احتیاطی تدابیر اختیا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے