English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاک افغان کشیدگی: طورخم سے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا عمل معطل

القمر

پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پیشِ نظر ضلع خیبر میں طورخم سرحدی گزرگاہ کے ذریعے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق سرحدی مقامات پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث نقل و حرکت معطل کر دی گئی ہے اور طورخم کے راستے واپسی کا عمل وقتی طور پر بند ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان فورسز کی فائرنگ کے بعد طورخم ٹرمینل پر موجود افغان پناہ گزینوں کی درجنوں گاڑیوں کو احتیاطی تدابیر کے تحت گزشتہ رات لنڈی کوتل منتقل کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

حکام کے مطابق حالات معمول پر آنے تک واپسی کا سلسلہ معطل رہے گا۔ یاد رہے کہ طورخم بارڈر کے راستے روزانہ سینکڑوں افغان خاندان اپنے وطن لوٹتے ہیں، تاہم موجودہ صورتحال کے باعث یہ عمل فی الحال روک دیا گیا ہے۔

دوسری جانب UNHCR پاکستان کے ترجمان قیصر خان آفریدی کے مطابق گزشتہ ڈھائی برسوں میں پاکستان میں مقیم 20 لاکھ سے زائد افغان شہری رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپس جا چکے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرحدی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی واپسی کا عمل دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔

  • ویب ڈیسک
  • مقصود بھٹی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے