English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فتنہ الخوارج کی ایبٹ آباد، صوابی اور نوشہرہ میں ڈرون حملوں کی کوشش ناکام، تمام ڈرونز فضاء میں تباہ

القمر

پاکستان کے شمالی شہروں ایبٹ آباد، صوابی اور نوشہرہ میں افغان طالبان کے حمایت یافتہ شدت پسند گروپ فتنۃ الخوارج کی جانب سے چھوٹے ڈرونز کے ذریعے کیے جانے والے حملے ناکام بنا دیے گئے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے جدید اینٹی ڈرون سسٹمز نے فتنۃ الخوارج کے تمام ڈرونز کو ہوا میں ہی تباہ کر دیا اور خوش قسمتی سے ان واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں تصدیق کی کہ دہشت گردوں نے ایبٹ آباد، صوابی اور نوشہرہ میں ڈرون حملے کرنے کی کوشش کی، لیکن سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے انہیں ناکام بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملے افغان طالبان رجیم اور پاکستان میں سرگرم دہشت گردوں کے درمیان خفیہ روابط کو دوبارہ منظرِ عام پر لے آئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنۃ الخوارج کی یہ کارروائیاں نہ صرف ملکی دفاعی نظام کے لیے خطرہ تھیں بلکہ ان کا مقصد شہری آبادی میں خوف و ہراس پیدا کرنا بھی تھا۔ تاہم جدید اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی نے فوراً مداخلت کر کے ان خطرات کو ناکارہ بنا دیا۔

یاد رہے کہ پاک افغان سرحد پر افغان طالبان حکومت کی جانب سے مسلسل بلاجواز اور اشتعال انگیز سرگرمیوں کے تناظر میں پاکستان نے بھرپور اور فیصلہ کن جوابی اقدامات کے تحت آپریشن غضب للحق کا آغاز کر رکھا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کی بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان کے متعدد اہم ٹھکانے، اسلحہ ڈپو اور ٹینک مکمل طور پر نیست و نابود کر دیے گئے۔

پاک افواج کی جانب سے کیے گئے مربوط حملوں میں افغان طالبان کے 133 جنگجو مارے گئے جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوئے، اس کے علاوہ سرحد کے ساتھ قائم 27 افغان چوکیاں بھی مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں، جس سے مخالف فریق کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے