English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شہباز شریف کا لبنانی وزیراعظم کو فون، اسرائیلی جارحیت کی مذمت

القمر

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان کے وزیراعظم نواف سلام سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی جانب سے بھرپور یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق گفتگو کے دوران شہباز شریف نے لبنان کے خلاف اسرائیلی حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں لبنانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر سطح پر ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے لبنانی قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے امن و استحکام کے قیام کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی پیش کش بھی کی۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیل کے حملوں اور اس کے بعد برادر خلیجی ممالک پر جوابی کارروائیوں کے تناظر میں خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں کشیدگی کو فوری طور پر کم کرنا اور امن کی بحالی کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔

لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے اس موقع پر پاکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے نازک حالات میں دوست ممالک کی حمایت حوصلہ افزا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے