وانا:چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا جہاں انہیں مغربی سرحد کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور جاری آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی بنیاد ہیں اور پوری قوم ان قربانیوں کی مقروض ہے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو مغربی سرحد پر جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی۔ انہیں خصوصی طور پر جاری آپریشن “غضب للحق” میں ہونے والی تازہ پیش رفت اور پاک افغان سرحد پر درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور جاری جھڑپوں کے دوران ان کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے افواجِ پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال ہرگز قابل قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحد پار سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
فیلڈ مارشل نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب افغان طالبان دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کریں اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں۔
وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا جبکہ انہوں نے سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاری اور باہمی ہم آہنگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
