اسلام آباد:وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے تصدیق کی ہے کہ خطے میں جاری غیر معمولی صورتحال کے باعث قطر نے پاکستان کو ایل این جی کی مزید سپلائی روک دی ہے۔
وزیر نے کہا کہ موجودہ کشیدہ حالات میں کئی ممالک متاثر ہوئے ہیں اور قطر ایل این جی نے واضح کر دیا ہے کہ اس وقت مزید کارگو فراہم نہیں کیے جا رہے، مہنگی توانائی خریدنے کے بجائے بہتر ہے کہ موجودہ وسائل کے تحت لوڈ مینجمنٹ کی جائے تاکہ ملک میں توانائی کی فراہمی متاثر نہ ہو۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ مارچ تک پاکستان کے سسٹم میں کسی بڑے مسئلے کا سامنا نہیں ہوگا کیونکہ گیس کے برعکس تیل کے ذخائر پہلے ہی مکمل کر لیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ اگر کسی پمپ کو ذخیرہ اندوزی میں ملوث پایا گیا تو متعلقہ ادارے سخت کارروائی کریں گے تاکہ عوام کو توانائی کی فراہمی متاثر نہ ہو اور مصنوعی قلت پیدا نہ کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت توانائی کے متبادل انتظامات پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام کو یقین دہانی کرائی کہ صورتحال پر مسلسل نگرانی جاری ہے۔
