English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آبنائے ہرمز: فرانس اور اٹلی کا جہازوں کی حفاظت کیلیے ایران سے رابطہ

القمر

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث یورپی ممالک نے آبنائے ہرمز سے اپنے بحری جہازوں کے محفوظ گزر کو یقینی بنانے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس اور اٹلی نے اس حوالے سے ایرانی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔

بین الاقوامی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق فرانس سمیت کئی یورپی ممالک ایران کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں تاکہ ان کے تجارتی اور توانائی سے متعلق بحری جہاز آبنائے ہرمز سے بحفاظت گزر سکیں۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یورپی ممالک کی کوشش ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جائے اور عالمی توانائی کی سپلائی کو متاثر ہونے سے بچایا جائے کیونکہ آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم سمندری راستہ سمجھا جاتا ہے۔

تاہم فی الحال اس بات کی کوئی واضح ضمانت موجود نہیں کہ ایران کے ساتھ ہونے والی یہ بات چیت کسی حتمی نتیجے تک پہنچ سکے گی یا ایران بحری جہازوں کے گزرنے کے معاملے پر باضابطہ مذاکرات پر آمادہ ہوگا۔

دوسری جانب برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ برطانیہ اپنے بحری جہازوں کے معاملے پر ایران سے براہ راست مذاکرات نہیں کر رہا۔

اسی دوران ایران نے ترکیہ کے ایک بحری جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔

ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر اورال اوغلو کے مطابق ترکیہ کے 15 بحری جہاز اس وقت خطے میں موجود ہیں جن میں سے ایک جہاز کو ایران نے گزرنے کی اجازت دی اور وہ بحفاظت آبنائے ہرمز عبور کر گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے