مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور حملوں کے نتیجے میں مختلف ممالک میں جانی نقصان اور زخمیوں کی تفصیلات سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ تنازع کے دوران ایران، اسرائیل اور خطے کے دیگر ممالک میں ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔
روسی خبر ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں میں 1348 ایرانی شہید جبکہ 17 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں ایران کے مختلف علاقوں میں جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
دوسری جانب ایرانی حملوں کے نتیجے میں اسرائیل میں 15 افراد ہلاک اور 2 ہزار 9 سو 75 زخمی ہوئے جبکہ امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں 15 امریکی ہلاک اور 140 زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خطے کے دیگر ممالک بھی اس کشیدگی سے متاثر ہوئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں حملوں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 141 زخمی ہوئے جبکہ کویت میں 6 افراد جاں بحق اور 101 افراد زخمی ہوئے۔
اسی طرح شام میں حملوں کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ عمان میں 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔ بحرین میں 2 افراد جاں بحق اور 59 زخمی ہوئے جبکہ سعودی عرب میں 2 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران ایک فرانسیسی شہری بھی ہلاک ہوا جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔ قطر میں 16 اور اردن میں 14 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
روسی خبر ایجنسی کے مطابق لبنان پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 717 افراد جاں بحق اور 1793 زخمی ہوئے جبکہ عراق میں حملوں کے دوران 22 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے۔
