جدہ :پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں جاری کشیدگی کو پرامن طریقوں سے حل کرنے اور اسے مسلم ممالک کے درمیان تصادم میں تبدیل ہونے سے روکنے کے لیے مشترکہ سفارتی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ مفاہمت وزیر اعظم شہباز شریف کے سعودی عرب کے مختصر مگر اہم دورے کے دوران جدہ میں ہونے والی اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں میں سامنے آئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ علاقائی صورتحال فوری اور مؤثر سفارتی اقدامات کی متقاضی ہے تاکہ کشیدگی میں مزید اضافہ روکا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریق اس بات پر متفق ہوئے کہ خطے کے تنازعات کو محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ بات چیت کے دوران اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ مسلم دنیا کے اندر کسی بھی قسم کے تصادم سے گریز کیا جانا چاہیے اور ہر ممکن کوشش کی جائے کہ اختلافات کو پرامن ذرائع سے حل کیا جائے۔
ملاقات کے دوران پاکستانی وفد نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ مملکت کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے ساتھ کھڑا رہا ہے، پاکستانی قیادت نے اس امر پر بھی زور دیا کہ اسلام کے مقدس ترین مقامات کے محافظ کی حیثیت سے سعودی عرب کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اور ان مقامات کا تحفظ پاکستان اور اس کی مسلح افواج کے لیے اعزاز اور ذمہ داری کا معاملہ ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایک علامتی پہلو اس وقت سامنے آیا جب فیلڈ مارشل عاصم منیر جنگی یونیفارم میں شریک ہوئے، اس اقدام کو اس بات کی علامت کے طور پر دیکھا گیا کہ پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت سعودی عرب کی سلامتی کے حوالے سے اپنے مؤقف میں مکمل طور پر متحد ہے۔
ملاقات کے بعد سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستانی وفد کے اعزاز میں ایک خصوصی عشائیہ بھی دیا گیا، اس عشائیے میں صرف وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر شریک تھے، جسے دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور خصوصی تعلقات کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ موجودہ علاقائی حالات میں کشیدگی کم کرنا، مزید محاذ آرائی کو روکنا اور مسلم دنیا میں اتحاد کو فروغ دینا نہایت اہم ہے۔ اس مقصد کے لیے پاکستان اور سعودی عرب آئندہ دنوں میں سفارتی رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی متفق ہوئے۔
