ایران کے مختلف علاقوں میں اسرائیل کو حساس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں 20 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صوبائی پراسیکیوٹر کے دفتر کی شکایت پر ان افراد کو حراست میں لیا گیا جن پر ایران کی فوجی اور سیکیورٹی تنصیبات کے مقامات سے متعلق معلومات اسرائیل کو فراہم کرنے کا الزام ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شمال مشرقی ایران، جو اسرائیل اور امریکا کے فضائی حملوں سے بڑی حد تک محفوظ رہا ہے، وہاں سے بھی 10 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں سے بعض پر حساس مقامات اور معاشی انفرا اسٹرکچر سے متعلق معلومات جمع کرنے کا الزام ہے۔
خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق پاسداران انقلاب کے خفیہ ادارے کا کہنا ہے کہ جب اسرائیل اور امریکا ایران پر حملے کی کوشش کرتے ہیں تو اسی وقت کرائے کے افراد اور جاسوسوں کو بھی متحرک کیا جاتا ہے تاکہ آئندہ مرحلے میں بدامنی پھیلائی جا سکے۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق صوبہ لورستان میں بھی تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن پر عوام کو اکسانے اور اہم تنصیبات کو نذر آتش کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
