تل ابیب: اسرائیل کی وزارت صحت اسرائیل نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر سے ایران کی جانب سے ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں میں کم از کم تین ہزار تین سو 69 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایرانی حملوں میں مزید ایک سو42 افراد زخمی ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سے پانچ افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت اکیاسی افراد اب بھی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سات افراد کی حالت نازک ہے۔
ادھر انسٹی ٹیوٹ فار نیشنل سکیورٹی اسٹڈیز کے مطابق ایران کے ساتھ جاری جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم 14 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔
یہ اعداد و شمار ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسرائیل جنگ کے دوران انسانی اور مادی نقصانات سے متعلق معلومات کی اشاعت پر سخت پابندیاں برقرار رکھے ہوئے ہے اور اس حوالے سے ویڈیوز اور دیگر مواد کی ترسیل بھی محدود کی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے اٹھائیس فروری سے ایران کے خلاف مشترکہ حملے شروع کیے تھے جن میں اب تک تقریباً تیرہ سو افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب تہران نے اسرائیل پر ڈرون اور میزائل حملوں کے ذریعے جوابی کارروائیاں کی ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا ہدف اسرائیل کے ساتھ ساتھ اردن، عراق اور خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اثاثے ہیں۔
