اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے جمائمہ گولڈ اسمتھ کی جانب سے عمران خان کے بچوں سے ملاقات کے حوالے سے کی گئی اپیل پر سوشل میڈیا کے ذریعے جواب دے دیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی عمران خان کی عید کے دن اپنے بچوں سے فون پر بات کروائی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عید کے موقع پر رابطہ ممکن ہو سکے۔
عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ عمران خان کے بچے نائیکوپ (NICOP) کے ذریعے پاکستان آ سکتے ہیں اور انہیں ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے، پاکستان میں قیام کے دوران انہیں ملکی قوانین کی مکمل پاسداری کرنا ہوگی۔
واضح رہے کہ جمائمہ گولڈ اسمتھ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بیٹوں کے پاکستان آنے کے لیے ویزا درخواست میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا تھا، اس معاملے نے سیاسی اور عوامی سطح پر توجہ حاصل کی۔
حکومتی مؤقف کے مطابق قانونی طریقہ کار کے تحت عمران خان کے بچوں کے پاکستان آنے میں کوئی رکاوٹ نہیں، انہیں ملکی قوانین کے مطابق تمام تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔
