English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات اپنائیں، حکومت کی عوام سے اپیل

القمر

اسلام آباد : شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس میں حکومت نے عوام سے پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات اپنانے کی اپیل کر دی ہے۔

اجلاس میں خطے کی تیزی سے بگڑتی صورتحال کے تناظر میں ایندھن کے استعمال میں کفایت شعاری اور ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عاصم منیر اور محمد عاصم سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور مزید ضروریات کے لیے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ تاہم مشرق وسطیٰ اور خطے کی غیر یقینی صورتحال کے باعث ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ صوبوں کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی سے عوام کو ریلیف دینا ممکن ہو سکتا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے سرگرم ہیں اور نگرانی کا عمل جاری ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اشرافیہ کو آگے بڑھ کر مثال قائم کرنی چاہیے اور ایثار و قربانی کے جذبے کے ساتھ بچت کی پالیسی اپنانی چاہیے، جبکہ تمام اداروں کو حالات کی بہتری تک ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

حکومت نے شہریوں کو پیٹرول کی بچت کے لیے درج ذیل اقدامات اپنانے کی تلقین کی ہے

اعلامیے میں کہا گیا کہ ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہو گا اور بدلتے حالات کے مطابق طرز عمل اپنانا ہو گا،  پیٹرول بچانے کےلیے کار پولنگ اپنائی جائے، نقل و حرکت اجتماعی طور پر کی جائے ، غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے اور تیل بچانے کے لیے آمد و رفت کو محدود رکھا جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ بدلتی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر ہے تاکہ مستقبل میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی متاثر ہونے سے بچا جا سکے۔

  • ویب ڈیسک
  • فاروق اعظم صدیقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے