English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرول کی بروقت کارروائی، 30 طیارے وار زون میں داخل ہونے سے بچ گئے

القمر

کراچی: پاکستان کے ایئر ٹریفک کنٹرول نظام نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے تیس مسافر طیاروں کو ایران کے وار زون ایئر اسپیس میں داخل ہونے سے بچا لیا، جس سے ایک ممکنہ بڑے فضائی حادثے کو ٹال دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق خراب موسم کے باعث مختلف بین الاقوامی پروازیں اپنے طے شدہ راستوں سے ہٹ کر ایران کی فضائی حدود کے قریب پہنچ گئی تھیں، جہاں جنگی صورتحال کے باعث ایئر اسپیس بند اور انتہائی خطرناک قرار دی گئی ہے۔ ایسے میں کراچی ریجن کے ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے طیاروں کی رہنمائی کی اور انہیں محفوظ راستوں پر واپس لے آئے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق متاثرہ طیارے سعودی عرب، دبئی اور دیگر خلیجی ممالک سے آنے اور جانے والی پروازیں تھیں جو خراب موسمی حالات کے باعث کنٹرول میں مشکلات کا شکار ہو رہی تھیں۔ پائلٹس کی جانب سے بھی کنٹرول ٹاور کو آگاہ کیا گیا کہ شدید موسمی خرابی کے باعث متبادل راستہ اختیار کرنا ضروری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے بارڈر کے قریب موسم انتہائی خراب تھا، خاص طور پر قلات، پنجگور اور گوادر کے فضائی روٹس پر طیارے شدید موسمی دباؤ کا سامنا کر رہے تھے اور بعض پروازیں ایرانی فضائی حدود کی جانب بھٹکنے لگیں۔ اس صورتحال میں کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجن نے مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے تمام طیاروں کو بروقت ہدایات فراہم کیں۔

رپورٹ کے مطابق تہران ایئر ٹریفک کنٹرول سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم کوئی جواب موصول نہ ہو سکا۔ اس کے باوجود پاکستانی کنٹرولرز نے اپنی مہارت اور حاضر دماغی سے طیاروں کو وار زون میں داخل ہونے سے روکا اور انہیں بحفاظت ان کے متبادل راستوں پر منتقل کیا۔

ایوی ایشن ماہرین کے مطابق ایسے حالات میں ایئر ٹریفک کنٹرولرز کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے اور بروقت فیصلے کئی انسانی جانوں کو بچا سکتے ہیں، پاکستان کے ایئر ٹریفک کنٹرول عملے کی اس کارروائی کو پیشہ ورانہ مہارت کی ایک اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے