لاہور کے علاقے کاہنہ میں عید کے موقع پر پولیس نے پتنگ بازی اور فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 14 پتنگ باز اور 3 پتنگ فروش کو گرفتار کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کاہنہ سرکل پولیس نے خفیہ اطلاع اور دوران پٹرولنگ کی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 17 ملزمان کو گرفتار کیا،گرفتار ملزمان میں 14 ایسے افراد شامل ہیں جو پتنگ بازی کر رہے تھے جبکہ 3 افراد پتنگ فروشی میں ملوث تھے۔ کارروائیاں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔ پتنگ فروش آن لائن آرڈر پر شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگیں اور ڈور سپلائی کر رہے تھے، جسے پولیس نے موثر نگرانی کے بعد ناکام بنایا۔
پولیس کے مطابق پتنگ بازوں کو پتنگ بازی کرتے ہوئے موقع سے گرفتار کیا گیا، اور ملزمان کے قبضے سے 200 سے زائد پتنگیں، 30 سے زائد کیمیکل اور ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔ برآمد شدہ سامان میں خطرناک کیمیکل اور دھاگے شامل تھے جو شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے تھے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن جہانداد اکرم نے کاہنہ سرکل کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں عوامی تحفظ اور امن قائم رکھنے کے لیے ضروری تھیں۔
پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ عید کے موقع پر پتنگ بازی اور خطرناک ڈور کے استعمال سے گریز کریں تاکہ کسی قسم کے حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ اس کارروائی کے بعد لاہور پولیس کی جانب سے مزید پابندیوں اور نگرانی کا وعدہ کیا گیا ہے تاکہ عید کے موقع پر شہر میں عوامی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
