پاکستان بھر میں یومِ پاکستان آج روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ سادگی اور وقار کے ساتھ پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے قوم کو یومِ پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ 1940 میں آج ہی کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے قرارداد پاکستان منظور کی، جس کے تحت ایک علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا گیا جہاں مسلمان اپنی اسلامی اقدار کے مطابق آزادانہ زندگی گزار سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قومی مقاصد کے حصول کے لیے اتحاد اور یکجہتی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ صدر کے مطابق 1947 میں قیامِ پاکستان کے وقت ملک کو کئی چیلنجز کا سامنا تھا، تاہم باہمی تعاون سے ان مشکلات پر قابو پا کر مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئیں۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنایا، جوہری طاقت حاصل کی، دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ کامیابی سے لڑی اور ہر مشکل مرحلے پر دشمن کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
دوسری جانب وزیرِاعظم نے بھی یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے 23 مارچ کو جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 86 سال قبل برصغیر کی مسلم قیادت ایک آزاد ریاست کے قیام کے لیے متحد ہوئی، جہاں مسلمانوں کے آئینی اور سیاسی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
