فیصل آباد : مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ایران سے متعلق موجودہ صورتحال میں پاکستان کے کردار کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے اور اس کا کریڈٹ حکومتی اور عسکری قیادت کو جاتا ہے۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑ کر دیکھا جاتا تھا، لیکن آج وہی پاکستان خطے میں ثالث کے طور پر پہچانا جا رہا ہے۔
عابد شیر علی نے الزام عائد کیا کہ کچھ عناصر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق بھارتی ایجنٹ عارف ایجاکیا کے ساتھ بعض سیاسی شخصیات کی ملاقات بھی ہوئی جس کے ذریعے پاکستان کے خلاف لابنگ کی جا رہی ہے۔
ملک میں انتشار پھیلانے کا ایجنڈا رکھنے والے عناصر کے لیے واضح پیغام ہے کہ حکومت اب ایسے اقدامات برداشت نہیں کرے گی، پاکستان ایک اہم اسلامی ملک ہے اور اس کے خلاف بیانیہ پھیلانے والوں کا مقابلہ کیا جائے گا۔
