اسلام آباد:وزارتِ مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ حج 2026 میں شرکت کرنے والے تمام عازمین کے لیے پاک حج موبائل ایپ پر میڈیکل فارم بھرنا لازمی ہوگا۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ میڈیکل سوالنامہ جمعہ تک مکمل کرنا ضروری ہے۔
وزارت کے ترجمان کے مطابق سوالنامے میں عازمین حج کو مختلف طبی حالات کے بارے میں “ہاں” یا “نہیں” میں جواب دینا ہوگا تاکہ انہیں مربوط طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ سوالنامے میں بلڈ پریشر، امراض قلب، شوگر، دمہ، گنٹھیا اور تھائی رائیڈ جیسے امراض شامل ہیں، جن کے بارے میں معلومات جمع کرانا ضروری ہے۔
پاک حج موبائل ایپ پر حج ویزہ پرنٹ کرنے کا لنک بھی شامل کر دیا گیا ہے، جبکہ حج پروازوں کا شیڈول بھی ایپ پر جاری کیا گیا ہے۔ وزارت نے ہدایت دی ہے کہ عازمین حج ایپ کے ذریعے تمام مرحلہ وار اعلانات اور معلومات دیکھتے رہیں تاکہ کسی اہم اپ ڈیٹ سے محروم نہ ہوں۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق یہ اقدامات عازمین حج کی صحت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ مقدس سفر کے دوران طبی اور انتظامی مسائل سے نمٹا جا سکے۔
