اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج رات اور کل کے دوران بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کرتے ہوئے عوام کو انتباہ جاری کر دیا ہے۔ بعض علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جنوب مغربی اور شمالی بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ کچھ مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
شام اور رات کے دوران خیبرپختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ جنوب مغربی و شمالی بلوچستان کے علاقوں جیسے گوادر، پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ، خضدار، خاران، چاغی، دالبندین، قلات، سبی، کوہلو، بارکھان، نصیرآباد اور لورالائی میں 28 مارچ کے دوران فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ اسی طرح بالائی و وسطی خیبرپختونخوا کے مقامی ندی نالوں میں 28 سے 30 مارچ کے دوران طغیانی کا امکان ہے۔
شدید آندھی، جھکڑ، ژالہ باری اور بجلی گرنے کے باعث کمزور انفراسٹرکچر جیسے بجلی کے کھمبے، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں شام اور رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، کرم، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزی، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی شام اور رات کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ہلکی برفباری یا ژالہ باری کا امکان ہے۔
پنجاب کے علاقوں مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، نورپور تھل، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، پاکپتن، اوکاڑہ، قصور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بھکر، لیہ، ملتان اور کوٹ ادو میں شام/رات میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ندی نالوں، پانی کے کمزور ڈھانچوں اور پہاڑی علاقوں میں احتیاط کریں اور حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔
