English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آبنائے ہرمز کی بندش کے خطرات، اقوام متحدہ کا ہنگامی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان

القمر

نیویارک: مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث آبنائے ہرمز کے ذریعے سمندری تجارت میں ممکنہ خلل کے پیش نظر اقوام متحدہ نے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر پیدا ہونے والے معاشی اور انسانی اثرات کو کم کرنا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے جمعہ کو نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز سے گزرنے والی تجارتی سرگرمیوں میں رکاوٹیں پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں آنے والے مہینوں میں خوراک، کھاد اور زرعی پیداوار پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، یہ صورتحال عالمی سطح پر انسانی ضروریات کو بھی متاثر کر سکتی ہے، اس لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اس ٹاسک فورس کی قیادت کے لیے انڈر سیکریٹری جنرل خورخے موریرا دا سلوا کو مقرر کیا ہے، جو اقوام متحدہ کے آفس فار پروجیکٹ سروسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بھی ہیں۔ یہ ٹاسک فورس مختلف عالمی اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی، جن میں اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تجارت و ترقی، انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن اور انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس شامل ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر دیگر اداروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ کے مطابق اس نئے نظام کا مقصد کھاد اور اس سے متعلق خام مال کی ترسیل کو یقینی بنانا ہے تاکہ زرعی شعبہ متاثر نہ ہو جبکہ اس عمل میں قومی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کا مکمل احترام کیا جائے گا، اس اقدام کے لیے ماضی کے کامیاب ماڈلز جیسے یمن کے لیے تصدیقی نظام، بحیرہ اسود اناج معاہدہ اور غزہ کے لیے قائم کردہ خصوصی میکنزم سے رہنمائی لی گئی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ سیکریٹری جنرل کے ذاتی نمائندے ژاں ارنو متعلقہ ممالک کے ساتھ سیاسی رابطوں کی قیادت کریں گے جبکہ ٹاسک فورس اس عمل میں معاونت فراہم کرے گی۔ اقوام متحدہ کو امید ہے کہ یہ اقدام نہ صرف انسانی بحران کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ رکن ممالک کے درمیان اعتماد سازی کو بھی فروغ دے گا اور وسیع تر سفارتی حل کی راہ ہموار کرے گا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے