اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی فیصلوں کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مناسب ذخائر موجود ہیں جبکہ حالیہ صورتحال میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزرا احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، عطا تارڑ، مصدق ملک، احسن اقبال، شزا فاطمہ اور اویس لغاری نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ حکومت نے گزشتہ تین ہفتوں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی،عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت نے قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کے لیے ایک سو پچیس ارب روپے کی سبسڈی دی، جو مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتیوں کے ذریعے فراہم کی گئی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایندھن کی بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دفاتر میں ٹیلی کانفرنسنگ کو فروغ دیا جائے تاکہ ایندھن کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی کہ موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنایا جائے تاکہ تمام گاڑیوں کا ڈیٹا ڈیجیٹل نظام میں شامل کیا جا سکے، اس اقدام سے مستحق افراد کو حکومتی ریلیف بروقت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز کے ساتھ رابطوں کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ تمام اقدامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
