English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت کا توانائی بحران سے بچنے کیلیے اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر قائم کرنے کا فیصلہ

القمر

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عالمی سطح پر پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال اور ممکنہ توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ملک میں اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ایک جامع اور پائیدار فریم ورک تیار کریں تاکہ ملک میں ایندھن کی قلت کو روکا جا سکے۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کے اہم اجلاس میں ملک کی موجودہ توانائی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی ترسیل مکمل طور پر مستحکم ہے اور کسی قسم کا بحران موجود نہیں ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ڈیزل کے ذخائر 23 سے 24 دن جبکہ خام تیل کے ذخائر تقریباً 11 دن تک کے لیے کافی ہیں۔ مزید کھیپیں بھی راستے میں ہیں جس سے اپریل تک ریفائنریوں کی ضروریات احسن طریقے سے پوری ہوتی رہیں گی۔ حکومت ریفائنریوں کو اپنی مکمل پیداواری صلاحیت پر چلانے کے لیے کوشاں ہے۔

اجلاس میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور غیر یقینی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، جس سے درآمدی لاگت پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ کمیٹی نے زور دیا کہ تیل کی خریداری میں دانشمندانہ فیصلے کیے جائیں اور شپنگ و انشورنس کے معاملات میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی قیمتوں کے دباؤ کے باوجود موثر حکمت عملی کے ذریعے سپلائی چین کو مستحکم رکھا گیا ہے۔ ملک بھر میں ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے سخت نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

سپلائی چین کو مزید فعال اور شفاف بنانے کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ اس نظام کے ذریعے ریئل ٹائم ڈیٹا حاصل ہوگا جس کی مدد سے بروقت اور درست فیصلے ممکن ہو سکیں گے۔ حکومتی اقدامات کا مقصد عوام کو ایندھن کی کسی بھی ممکنہ قلت سے محفوظ رکھنا اور ملکی معیشت کو سہارا دینا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے