ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

چترال میں خوفناک جیپ حادثہ:خواتین و بچوں سمیت ایک خاندان کے 4 افراد جاں بحق

چترال: خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں جنالی زیارت کے مقام پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک جیپ بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔

اس المناک واقعے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

ریسکیو 1122 کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی میں سوار افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی، ان کی بیٹی اور ایک قریبی رشتے دار بہن شامل ہیں جن کی موت سے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 4 افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ حادثے کے فوری بعد مقامی افراد نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور لاشوں اور زخمیوں کو کھائی سے باہر نکالا۔

واضح رہے کہ چترال جیسے پہاڑی علاقوں میں سڑکوں کی خستہ حالی اور تنگ راستوں کے باعث جیپ حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ دوسری جانب حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں