اسلام آباد : وفاقی آئینی عدالت نے رہائی فورس کی تشکیل کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے دس دن میں جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت میں کیس کی سماعت چیف جسٹس امین الدین کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں شواہد کی دستاویزات پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ان کا مقابلہ ڈاکوؤں سے ہے جبکہ کراچی ہائی کورٹ کے امن و امان سے متعلق فیصلے بھی موجود ہیں۔
سماعت کے دوران جسٹس علی باقر نے استفسار کیا کہ کیا کابینہ کی جانب سے ایسی فورس بنانے کی اجازت دی گئی تھی؟ اس پر وکیل نے جواب دیا کہ کابینہ نے ایسی کوئی اجازت نہیں دی۔
عدالت نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی کہ قانون کی خلاف ورزی نہ ہونے کو یقینی بنایا جائے۔ چیف جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیے کہ سزا یافتہ افراد کے لیے ایسی فورس نہیں بنائی جانی چاہیے۔
